۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
نئی دہلی ائرپورٹ

حوزہ/ اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب سے ہندوستانی شہریوں کی پہلی کھیپ آج نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی جہاں مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر نے ان مسافروں کا استقبال کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب سے ہندوستانی شہریوں کی پہلی کھیپ آج نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی جہاں مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر نے ان مسافروں کا استقبال کیا۔

حکومت ہند نے 'آپریشن اجے' شروع کیا ہے تاکہ اپنے شہریوں کی وطن واپسی کی سہولت فراہم کی جا سکے، قبل ازیں وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل میں تقریباً 18000 ہندوستانی رہ رہے ہیں، جب کہ تقریباً 12 لوگ مغربی کنارے میں ہیں اور تین سے چار لوگ غزہ کی پٹی میں ہیں۔

7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کے خلاف آپریشن طوفان الاقصیٰ شروع کیا جس کے بعد ایئر انڈیا نے فوری طور پر اپنی پروازیں بند کر دیں، اسرائیل سے واپس آنے والوں کو کوئی کرایہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ان کی واپسی کے اخراجات حکومت برداشت کر رہی ہے، اس سے قبل تل ابیب سے 'آپریشن اجے' کے تحت چلائی جانے والی خصوصی پرواز میں سوار ہونے کے لیے ہوائی اڈے پر طلبہ سمیت ہندوستانیوں کی ایک لمبی قطار دیکھی گئی۔

حکومت ہند نے بدھ کو 'آپریشن اجے' شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، وزیر خارجہ جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (ٹویٹر)پر لکھا تھا کہ 'آپریشن اجے ہمارے شہریوں کی واپسی کی سہولت کے لیے شروع کیا جا رہا ہے جو اسرائیل سے واپس آنا چاہتے ہیں، خصوصی چارٹر پروازیں اور دیگر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔، وزیر خارجہ نے زور دیا کہ ہم بیرون ملک اپنے شہریوں کی حفاظت اور بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

اس موقع پر مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر نے کہا کہ ہماری حکومت کبھی بھی کسی ہندوستانی کو وہاں نہیں چھوڑے گی، ہماری حکومت انہیں بحفاظت وطن واپس لانے کے لیے پرعزم ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .